کراچی سمیت سندھ بھر میں آج مارکیٹیں اور کاروبار بند رہیں گے

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج مارکیٹیں اور کاروبار بند رہیں گے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا ایس او پیز کے تحت آج تمام بڑی مارکیٹس اور کاروبار بند رہے گا جبکہ کریانہ سٹورز، میڈیکل سٹورز، دودھ کی دکانیں اور بیکری کھلی رہیں گی۔
کورونا وبا کے پیش نظر جمعہ اور اتوار کے روز سندھ بھر میں کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ بسوں اور ٹرینوں میں 50 فیصد مسافر ایس او پیز کے ساتھ سفر کر سکیں گے، اس کے علاوہ شہر میں کریانہ، میڈیکل سٹور، دودھ کی دکانیں اور بیکری کھلی رہیں گی۔
دوسری جانب ملک بھر میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے وار جاری ہیں اور آج مزید 79 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 24 ہزار 266 تک جا پہنچی ہے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 59 ہزار 504 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4 ہزار 619 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ 
این سی او سی کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.76 فیصد رہی جبکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 89 ہزار 913 ہو گئی ہے، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا کیسز کے پیش نظر مزید 12 گلیوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کر دیا ہے۔