یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 2 ملزم گرفتار

یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 2 ملزم گرفتار
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: ملیر ڈسٹرکٹ پولیس اور وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی نے حدید کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کے دوران دو ملزموں کو گرفتار کر کے 14 اگست کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ 
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر شہر قائد میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کئے جانے کی خفیہ اطلاع موصول ہونے پر وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی اور ملیر پولیس نے سٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن حدید سمار جوکھیو گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان شیراز سومرو اور اکرام چانڈیو کو گرفتار کیا۔ 
ایس ایس پی عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے ملزموں کا تعلق سندھ ریوولوشن آرمی سے ہے اور وہ جشن آزادی کی مناسبت سے لگائے گئے سٹالز پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے جبکہ دونوں ملزمان بیرون ملک اور جیلوں میں قید دہشت گردوں کیلئے پیغام رسانی بھی کرتے تھے۔ 
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق گرفتار ملزموں کے قبضے سے دو دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزمان نے کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کرنے کیساتھ ساتھ کالعدم تنظیم کیلئے فنڈنگ کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ سال 12 اگست کو گلشن حدید فیز ون مدنی مارکیٹ کے قریب جشن آزادی کے ایک سٹال کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر بم پھینک کر فرار ہوگئے تھے جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوئے تھے، ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ایس آر اے گزشتہ برس بھی آزادی سٹال پر حملے میں ملوث رہی ہے۔