پاکستان افغانستان میں امن اور صرف امن چاہتا ہے،مشیر قومی سلامتی کا دوٹوک اعلان 

Afghanistan,Kabul,US Forces,Afghan Peace Process,Moeed Yousaf,

اسلام آباد:پاکستان کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغان دھڑےاور عوام  مل کر کریں ،پاکستان اکیلا افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا ۔

مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے سی این این سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج افغانستان کا سارا بوجھ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ،ماضی میں امریکی قیادت واضع کرچکی کہ افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،انہوں نے کہاپاکستان میں کسی بھی ملک کی نسبت سب سے زیادہ مہاجرین ہیں ،پاکستان اکیلے مہاجرین کابوجھ نہیں اٹھاسکتا،عالمی برادری کو مہاجرین کے متعلق مربوط پالیسی  وضع کرنی چاہیے۔

معید یوسف کا کہنا تھا پاکستان صرف پائیدار امن کیلئے افغانستان کی مددکرسکتاہے،پاکستان افغانستان میں امن اور صرف امن چاہتا ہے،افسوس کہ بیرونی قوتوں نے20سال رہ کر بھی افغانستان کے مسائل حل  نہ کیے۔

واضح رہے اس وقت افغانستان میں افغان دھڑوں میں شدید لڑائی جا ری ہے ،افغان طالبان کابل سے صرف چند سو کلو میٹر کی دوری پر موجود ہیں ،افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کسی بھی وقت افغان حکومت کا تختہ الٹ سکتے ہیں ،تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اشرف غنی اس وقت اعلیٰ افغان عہدیداروں سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں کسی بھی وقت وہ قوم سے خطاب میں استعفیٰ یا ایمرجنسی کا اعلان کر سکتےہیں ۔