بم کی اطلاع پر جرمنی جانے والی پرواز کو نیویارک ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا

بم کی اطلاع پر جرمنی جانے والی پرواز کو نیویارک ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا

نیو یارک: امریکا سے جرمنی جانے والی جرمن ایئر لائنز لوفتھانزا کی پرواز میں بم کی اطلاع کے بعد طیارے کا رخ نیو یارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔

ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان اسٹیل کولمین کے مطابق لوفتھانزا ایئر کی پرواز 441 امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن سے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق جرمنی کے شہر کولن میں موجود ایئرلائن کے ہیڈکوارٹر کو پرواز میں بم کی اطلاع ملنے کے بعد اس کا رخ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ کی طرف موڑا گیا۔

ایئرپورٹ ترجمان کولمین کا کہنا تھا کہ بم کی اطلاع کے بعد پائلٹ نے احتیاطاً پرواز کا رخ نیویارک کی طرف موڑا، جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر اترنے والے طیارے کو عملے سمیت 530 مسافروں سے خالی کرایا گیا۔ترجمان کے مطابق پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے کی تلاشی لی مگر طیارے سے کچھ نہیں ملا۔

اسٹیل کولمین نے بتایا کہ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ سے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر پروازوں کے شیڈول میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی، جب کہ بم کی دھمکی ملنے کے بعد اترنے والے طیارے کو ری شیڈول کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس بھی امریکا سے فرانس جانے والے دو طیاروں کو سیکیورٹی خدشات کے باعث فوراََ ہی اتار لیا گیا تھا،امریکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ایک طیارے کو بم سے تباہ کرنے کی ٹیلی فون کال موصول ہونے کے بعد دونوں طیاروں کو اتارا گیا تھا۔