سی پیک کے تحت بلوچستان میں لگنے والے منصوبوں کا فائدہ بلوچستان کو ہی گا، احسن اقبال

سی پیک کے تحت بلوچستان میں لگنے والے منصوبوں کا فائدہ بلوچستان کو ہی گا، احسن اقبال

اسلام آباد :  وفاقی وزیر برائے منصبوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بلوچستان میں لگنے والے منصوبوں میں بلوچستان کے نوجوانوں کو ہی روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ان منصوبوں کو چلانے کے لئے مقامی فنی افرادی قوت پیدا کرنے کے لئے بلوچستان بالخصوص گوادر میں معیاری اور ٹیکنیکل تعلیمی ادارے قائم کئے جا رہے ہیں۔ گوادر یونیورسٹی بھی قائم کر دی گئی تاکہ مقامی نوجوان اچھی تعلیم حاصل کر کے معیاری روزگار کے لئے تیار ہوں۔ اس مقصد کے لئے ژوب میں بھی جنوری سے یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ سبی میں بھی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کو مزید اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ سی پیک کے منصوبوں کو بلوچستان کے مقامی انجینئر چلا سکیں۔

 انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بہترین ہسپتال پانی و بجلی کے پلانٹ لگائے جا رہے ہیں۔ ان سارے منصوبوں کا مقصد یہ ہے کہ مقامی آبادی کو مکمل سماجی و اقتصادی ترقی دینے کے ساتھ ساتھ ان کو تعلیم و تربیت دی جائے جس میں انہیں سی پیک کے ذریعے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقعوں میں ترجیح ہے۔ ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ جس طرح پنجاب حکومت نے پنجاب میں میٹرو یا اورنج ٹرین سروس شروع کی ہے۔ اس طرح دیگر صوبوں کی حکومتیں بھی اپنے اپنے صوبوں میں یہ سروس شروع کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پنجاب نے ان منصوبوں کے لئے چائنہ سے قرض لیا ہے۔ اسی طرح دیگر صوبے بھی قرض لے سکتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی تمام یونیورسٹیوں کے طالب علموں کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔ کوئی یونیورسٹی باقی نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ سعودی عرب اور ایران کو سی پیک میں شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے اتفاق کیا ہے کہ سی پیک کے ذریعے گلگت بلتستان کو ماحول دوست معیشت کا نمونہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کو کرپشن سے پاک کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔