کلبھوشن یادیو کیس: پاکستان عالمی عدالت میں آج جواب جمع کروائے گا

کلبھوشن یادیو کیس: پاکستان عالمی عدالت میں آج جواب جمع کروائے گا

 "نیونیوز تازہ ترین "

اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں پاکستان عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں آج جواب جمع کرائے گا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنا جواب تیار کرلیا ہے جسے دفتر خارجہ کی ڈائر یکٹر انڈیا فریحہ بگٹی عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائیں گی۔جواب اٹارنی جنرل، لیگل ٹیم اور دفتر خارجہ کی ٹیم نے مل کر تیار کیا ہے، جس میں پاکستان کے موقف کو جامع انداز میں بیان کیا گیا ہے۔

پاکستانی جواب میں کلبھوشن یادیو کی تخریبی سرگرمیوں، ٹرائل اور چارج شیٹ کی تفصیلات بھی جواب میں شامل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کے پاس جواب جمع کرانے کا آج آخری دن ہے، عالمی عدالت انصاف نے پاکستان کو 13 دسمبر تک جواب جمع کرانے کا کہا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے جواب کے بعد بھارت کو جواب الجواب جمع کرانے کا موقع دیا جائے گا اور بھارتی جواب میں اگر کوئی سوال اٹھایا گیا تو پاکستان بھی ایک اور جواب دے گا۔جوابات کا عمل مکمل ہونے کے بعد کلبھوشن کیس کی سماعت 2018 کے وسط تک شروع ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔کلبھوشن پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کر چکا ہے۔رواں برس 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔تاہم بھارت نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کو عالمی ثالثی عدالت (آئی سی جے) میں چیلنج کرتے ہوئے سزا پر عمل درآمد رکوانے کی اپیل کی تھی۔


عالمی عدالت نے کلبھوشن کی سزائے موت کے خلاف بھارت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ حتمی فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو پھانسی نہیں دی جاسکتی۔

گذشتہ ماہ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر کلبھوشن کو اہلیہ سے ملاقات کی پیشکش کی تھی، جو رواں ماہ 25 دسمبر کو ہوگی۔اہلیہ کے ساتھ کلبھوشن کی والدہ اور ایک بھارتی سفارتی اہلکار بھی پاکستان آئے گا۔