کورم پورا نہ ہونے پر قومی اسمبلی کا آج کا اجلاس ملتوی

کورم پورا نہ ہونے پر قومی اسمبلی کا آج کا اجلاس ملتوی

لاہور: اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اس موقع پر مجموعی طور پر 30 ارکان ایوان میں موجود تھے۔ اجلاس کے دوران 16 حکومتی اور 14 اپوزیشن کے ارکان ایوان میں تھے جب کہ وفاقی کابینہ میں سے صرف وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ شریک تھے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن سید نوید قمر نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اصلاحات کا بل اسمبلی کے ایجنڈے سے نکال کر حکومت نے پارلیمنٹ کی توہین کی اور اس اقدام کے خلاف آج بھی واک آؤٹ کریں گے۔ جس پر اسپیکر اسمبلی نے اپوزیشن کو واک آؤٹ نہ کرنے کا کہا تاہم اپوزیشن ارکان ایوان سے اٹھ کر چلے گئے جس پر فاٹا سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی شاہد گل آفریدی نے کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی جس پر اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ فاٹا اصلاحات بل پیش نہ کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے گزشتہ روز بھی اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں