دورہ جنوبی افریقہ کیلئے پاکستانی ٹیم روانہ،کھلاڑی مشکل دورے سے خوفزدہ نہ ہوں:سرفراز احمد

دورہ جنوبی افریقہ کیلئے پاکستانی ٹیم روانہ،کھلاڑی مشکل دورے سے خوفزدہ نہ ہوں:سرفراز احمد
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: نیوزی لینڈ سے متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کیلئے لاہور اور کراچی سے براستہ دبئی جوہانسبرگ روانہ ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کھلاڑی مشکل دورے سے خوف زدہ نہ ہوں اور باﺅنسی پچوں پر وہی کامیاب ہوگا جو دلیری سے اپنا نیچرل کھیل پیش کرے گا۔

کپتان قومی ٹیم نے مزید کہا کہ مجھے اس ٹیسٹ ٹیم سے جیت کیلئے بڑی امید ہے،موجودہ ٹیم میں اظہر علی اور اسد شفیق ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،دونوں کی کارکردگی سے ٹیم کو فائدہ ہوگا،دونوں جنوبی افریقہ کی پچوں کو اچھے طریقے سے جانتے ہیں اور اگر دونوں نے کارکردگی دکھائی تو پاکستان کو جیت سے روکنا مشکل ہوگا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں اکثریت نوجوان کھلاڑیوں کی ہے ،چار یاپانچ کھلاڑیوں کے علاوہ اکثر کھلاڑی پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کا دورہ کررہے ہیں اور اس لئے ان پر دباﺅ کم ہوگا۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد،امام الحق،فخر زمان،اظہر علی،حارث سہیل،اسدشفیق،شان مسعود،بابر اعظم،محمد رضوان،شاداب خان،محمد عباس،حسن علی،محمد عامر،شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔خاندانی مسائل کی وجہ سے یاسر شاہ کو فی الحال پاکستان میں رکنے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو سنچورین میں کھیلا جائےگا اور دونوں ٹیمیں تین ٹیسٹ ،پانچ ون ڈے اور تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔