وزیراعظم کے حکم پر سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل

وزیراعظم کے حکم پر سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل
کیپشن: وزیراعظم کے حکم پر سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو فوری تحلیل کیا گیا۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک میں گیس بحران پر مزید سخت اقدامات کرتے ہوئے سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا جس پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے مزید سخت اقدامات کا حکم دیا جس کے تحت سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کرنے کا فیصہ کیا گیا۔وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو فوری تحلیل کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کی تعداد 14 اور سوئی سدرن گیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعداد 11 ہے۔ دونوں کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ناقص کارکردگی پر تبدیل کیا گیا جب کہ دونوں کمپنیوں کے ایم ڈیز کے خلاف پہلے ہی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 4 رکنی کمیٹی کر رہی ہے۔ کمیٹی تحقیقات میں بیرونی ماہرین کی خدمات حاصل کر سکتی ہے۔

وزیراعظم نے دونوں کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تبدیلی کا فیصلہ وزیر پیٹرولیم اور وزیر توانائی سے مشاورت کے بعد کیا جب کہ سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نیپرا کے ساتھ مل کر کرنے کا حکم دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کے ایم ڈیز کے خلاف تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی 72 گھنٹوں میں اپنی سفارشات کے ساتھ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

وزیراعظم نے حکام کو مزید احکامات دیئے کہ گیس بحران کے حل کے حوالے سے متبادل انتظامات کیے جائیں تاکہ گھریلو صارفین کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔