ایشیاء کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

ایشیاء کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی
کیپشن: تصویر بشکریہ ایشین کرکٹ کونسل ٹوئٹر

لاہور: پاکستانی کرکٹ شائقین کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی ۔ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔ پاکستان کو میزبانی دینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس آج ڈھاکا میں ہوا جس میں ستمبر 2020 میں کھیلا جانیوالا ایشیا کپ جو کہ ٹی 20 فارمیٹ میں ہو گا کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ایشیا کپ جس میں پاکستان ، بھارت ، افغانستان ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں اس بار میزبانی پاکستان کو مل گئی ۔تاہم اس کے میچز کہاں کہاں ہونے ہیں اس بات کا فیصلہ ٹورنامنٹ سے قبل کیا جائے گا ۔

ڈھاکا کے مقامی ہوٹل میں ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں کیے گئے فیصلے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کونسل کے صدر نظم الحسن نے کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایشیا کرکٹ کپ 2020ء کی میزبانی دیدی گئی ہے تاہم اب یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کہاں کرتے ہیں ۔

خیال رہے کہ ایشیاء کپ 2018 کی میزبانی بھارت کو دی گئی تھی تاہم بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی وجہ سے ایونٹ کی میزبانی سے انکار کر دیا جس کے بعد یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات میں منتقل ہو گیا تھا جہاں بھارت کی ٹیم نے یہ ایونٹ اپنے نام کیا ۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ بھارت پاکستان آ کر کھیلتا ہے یا نہیں ، اگر بھارت نے پاکستان میں آ کر کھیلنے کا اعلان کر دیا تو پاکستان میں کرکٹ کے میدان ایک بار پھر آباد ہو جائیں گے تاہم بھارت کے انکار کے بعد پاکستان کو یہ ایونٹ کسی اور ملک میں منعقد کروانا پڑے گا  لیکن اس کی میزبانی پاکستان کے پاس ہی رہے گی ۔