پی پی 168 ضمنی الیکشن ، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد کھوکھر نے میدان مار لیا

پی پی 168 ضمنی الیکشن ، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد کھوکھر نے میدان مار لیا
کیپشن: تصویر بشکریہ ملک اسد کھوکھر آفیشل ٹوئٹر

لاہور : خواجہ سعد رفیق کی چھوڑی ہوئی صوبائی اسمبلی کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک اسد کھوکھر کامیاب ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق پی پی 168 لاہور میں آج ضمنی انتخابات ہوئے جس میں پی ٹی آئی کے امیدوار ملک اسد کھوکھر نے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا خالد قادری کو شکست دیدی ۔آر ٹی ایس کے تحت تمام 83 پولنگ اسٹیشنز کا نتجہ موصول ہو گیا ہے جس میں ملک اسد کھوکھر نے 17579 ووٹ لے کر میدان مار لیا ۔ دوسرے نمبر پر رہنے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا خالد محمود قاردی جنہیں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت بھی حاصل تھی نے 16892 ووٹ حاصل کیے ۔

خیال رہے کی جنرل الیکشن 2018 میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اس حلقے سے کامیاب ہوئے تھے ۔انہیں این اے 131 میں وزیراعظم  عمران خان سے شکست ہوئی تھی اور انہوں نے صوبائی سیٹ اپنے پاس رکھی تاہم عمران خان کی طرف سے این اے 131 کی سیٹ چھوڑ دی گئی جس پر ضمنی الیکشن ہوئے تو خواجہ سعد رفیق نے این اے 131 کی سیٹ پر پی ٹی آئی امیدوار راجہ یاسر ہمایوں پر کامیابی حاصل کر لی ۔جس کے بعد خواجہ سعد رفیق کو اپنی جیتی ہوئی صوبائی اسمبلی کی سیٹ کو چھوڑنا پڑا ۔

آج الیکشن کمیشن نے خواجہ سعد رفیق کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر ضمنی الیکشن کرائے جس میں کل 11 امیدواروں نے حصہ لیا تاہم جیت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے حصے میں آئی ۔