حکومت نے اپوزیشن کے ہاتھوں بلیک میل ہو کر غلط فیصلہ کیا، فواد چودھری

حکومت نے اپوزیشن کے ہاتھوں بلیک میل ہو کر غلط فیصلہ کیا، فواد چودھری
کیپشن: تصویر بشکریہ فواد چوہدری آفیشل ٹوئٹر

اسلام آباد :شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے معاملے پر کھلاڑیوں میں پھوٹ پڑ گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے حکومتی فیصلے کی کھل کر مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے ہاتھوں بلیک میل ہو کر غلط فیصلہ کیاہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی اے سی کا چیئرمین بننے کے باوجود اپوزیشن ایوان نہیں چلنے دے گی ۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پہلی دفعہ فواد چوہدری نے حکومتی پالیسی سے اختلافات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی اے سی اپوزیشن کو دینا منطقی طور پر درست نہیں ہے ۔حکومت نے اپوزیشن کے ہاتھوں بلیک میل ہو کر غلط فیصلہ کیا ہے ۔ایسا سب کچھ کرنے کے باوجود اپوزیشن ایوان نہیں چلنے دے گی ۔انہوں نے مزید کہا میں نے وزیر اعظم سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

اپنی وزارت کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے وزیر اعظم سے نہیں پوچھا کہ میری وزارت کس کو مل رہی ہے ۔شیخ رشید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ و ہ اپنی وزارت اچھی چلا رہے ہیں ۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے 12ارب ڈالر فوری چائیں ۔سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر مل گئے ہیں ،ایک ارب ڈالر دسمبر میں مل جائینگے ،خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری کے حوالے سے با ت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سب کو پتہ ہے سعد رفیق نے سیاست شروع کی تھی تو اس وقت وہ کیا تھے ۔