جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے میں بھارت ملوث، تین دہشت گرد گرفتار کر لئے: وزیر داخلہ

جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے میں بھارت ملوث، تین دہشت گرد گرفتار کر لئے: وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت ملوث نظر آتا ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کو بھارت کی سپورٹ حاصل ہے، لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور ذمہ دار تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا بیان اس بات کی دلیل ہے کہ بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے اور ہمیں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہے اور وزارت خارجہ کے ذریعے یہ معاملہ اقوام متحدہ (یو این) میں اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کے سامنے معصوم بننے کی کوشش کرتا ہے اور اپنا ظلم چھپانے کیلئے کشمیر میں بدترین ظلم کر رہا ہے، بھارت اپنے ظلم کا جواز پیش کرنے کیلئے نت نئے بہانے تراشتا ہے، بلوچستان سے گرفتار ہونے والا کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے معاملے میں کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس کی گرفتاری ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کارفرما ہے، دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو، پیچھے کہیں نہ کہیں بھارت کا ہاتھ نظر آتا ہے، واضح ثبوت ہیں کہ ہندوستان دہشت گردی میں کس طرح ملوث ہے۔

مصنف کے بارے میں