وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کی باضابطہ منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کی باضابطہ منظوری دیدی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنے کی باضابطہ منظوری دیدی ہے اور اب 15 دسمبر کو ریکوڈک کی ڈیل پر حتمی دستخط ہو جائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ریکوڈک منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے متعلق جانے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنے کی باضابطہ منظوری دیدی گئی ہے۔ 
اعلامیہ کے مطابق 15 دسمبر کو ریکوڈک کی ڈیل پر حتمی دستخط ہوجائیں گے جبکہ پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر ریکوڈک پراجیکٹ کی تنظیم نو کیلئے حتمی معاہدوں پر دستخط کی منظوری کے علاوہ ریکوڈک پراجیکٹ کمپنی کیلئے ریگولیٹری فریم ورک کی بھی منظوری دی گئی۔ 
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ نے وزارت پیٹرولیم اور دیگر وزارتوں کے حکام کو باضابطہ اجازت دی ہے جبکہ کابینہ نے ای سی سی سے منظور کئے گئے ریکوڈک پراجیکٹ فنڈنگ پلان کی بھی توثیق کی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ریکوڈک پراجیکٹ کی تنظیم نو کے حتمی معاہدوں پر قانونی رائے کیلئے صدارتی ریفرنس دائر کیا گیا، حتمی معاہدوں پر قانونی رائے کیلئے صدارتی ریفرنس آئین کے آرٹیکل 186کے تحت دائر کیا گیا۔ 
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے 9دسمبر کو رائے دی کہ ریکوڈک پراجیکٹ کی تنظیم نوکا عمل شفاف تھا اور جن معاہدوں پر دستخط کئے جارہے ہیں وہ قانون کے عین مطابق ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کابینہ کمیٹی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کرے گی اور کمیٹی اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ان کے تحفظات دور کرے گی، طے پایا کہ متعلقہ فریقین کی مشاورت سے ترمیم کی جائے گی۔ 

مصنف کے بارے میں