ڈان لیکس میں طارق فاطمی کی قربانی کا امکان ہے، شیخ رشید

ڈان لیکس میں طارق فاطمی کی قربانی کا امکان ہے، شیخ رشید

اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعوی کیا ہے کہ اہم ترین سیکیورٹی اجلاس کی خبر لیک ہونے سے متعلق تحقیقات میں اگلا نام وزیراعظم نواز شریف کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی کا ہے جنہیں قربانی کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔نجی ٹی وی نٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ میرے پاس اطلاعات ہیں کہ طارق فاطمی اس وقت مشکل میں ہیں اور کسی اور بڑی شخصیت کا نام آئے یا نہ آئے، لیکن انہیں قربانی کا بکرا بنانے پر ضرور غور ہورہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت راولپنڈی میں طارق فاطمی کو گھر بھیجنے کی باتیں ہوررہی ہیں۔اس سوال پر کہ طارق فاطمی کے استعفی سے کس کو فائدہ ہوسکتا ہے؟ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں اور رپورٹ آنے کے بعد سب کچھ سامنے جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید اور طارق فاطمی ہی خبر لگوانے اور اسے لیک کرنے کے ذمہ دار ہیں تو ایسا ممکن نہیں، کیونکہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی اجازت کے بغیر ان میں ایسا کرنے کی ہمت ہی نہیں تھی۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس 6اکتوبر کو شائع ہونے والی ڈان اخبار کی خبر سول ملٹری تعلقات میں تنا وکا سبب بنی تھی،بعدازں، 29اکتوبر کو وزیراعظم نواز شریف نے اہم خبر کے حوالے سے کوتاہی برتنے پر پرویز رشید سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلم دان واپس لے لیا تھا۔