رس دار پھل صحت کے لیے انتہائی مفید قرار

جب بھی صحت کی بات ہوتی ہے تو رس دار پھلوں کا تذکرہ ضرور آتا ہے اور ایسے پھلوں کے فوائد کی فہرست اتنی طویل ہے کہ اس کا احاطہ کرنے کے لیے ایک موٹی کتاب درکار ہوگی۔

رس دار پھل صحت کے لیے انتہائی مفید قرار

لاہور:کینو، موسمبی، چکوترا سمیت دیگر ’’وٹامن سی‘‘ والےپھل بیماریوں کے خلاف لڑنے کی جسمانی صلاحیت بہتر بنانے کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔ لیکنبہت سے  رس دار پھلایسے ہیں جو ہماری صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔ ذیل میں ایسے ہی کچھ فائدے بیان کیے جارہے ہیں جو حالیہ برسوں میں سائنسی تحقیقات سے سامنے آئے ہیں۔

رس دار پھلوں میں صحت بخش فائبر کی مقدار اچھی خاصی ہوتی ہے۔ یہ فائبر ایک طرف آپ کا ہاضمہ درست رکھتا ہے تو دوسری جانب خون میں مضر کولیسٹرول اور گلوکوز کی مقدار بھی کنٹرول کرتا ہے۔ رس دار پھل کھانے کی صورت میں اس کا وہ فائبر بھی آپ کے معدے میں پہنچتا ہے جو ہضم نہیں ہوتا اور دیر تک پیٹ میں موجود رہتا ہے جس کی وجہ سے ہمیں دیر تک شکم سیری کا احساس رہتا ہے اور یوں وزن گھٹانے میں مدد ملتی ہے۔
دل کو بھی رس دار پھلوں سے فائدہ پہنچتا ہے کیونکہ ان میں اینٹی آکسیڈینٹ کہلانے والے مادّے بھی وافر مقدار میں ہوتے ہیں جو مضر کولیسٹرول کی مقدار کم کرنے کے علاوہ وٹامن سی کے ساتھ مل کر دل کے امراض سے بھی بچاتے ہیں۔ تاہم انہیں کولیسٹرول کم کرنے والی دواؤں کے ساتھ استعمال نہیں کرنا چاہیے ورنہ فائدے کے بجائے نقصان بھی ہوسکتا ہے۔
رس دار پھلوں کا استعمال خون میں گلوکوز کی مقدار اس طرح سے قابو میں رکھتا ہے کہ اس کے اجزاء سے شکر بڑی آہستگی سے لیکن مسلسل خارج ہوتی ہے اور یوں جسم میں شکر کی مقدار کم بھی نہیں ہونے پاتی اور نہ ہی اچانک بڑھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رس دار پھل ایک طرف خون میں شکر کو قابو میں رکھتے ہیں تو دوسری جانب اسے متوازن بھی بناتے ہیں۔ یعنی رس دار پھل ایسے افراد کے لیے خاص طور پر اہم ہیں جو ذیابیطس کے دہانے پر پہنچ چکے ہوں۔
حالیہ طبی تحقیقات سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ رس دار پھل کھانے سے نہ صرف نزلے اور زکام کی شدت میں کمی آتی ہے بلکہ یہ معمول سے کم وقت میں ختم بھی ہوجاتے ہیں۔ البتہ نزلے یا زکام کی صورت میں رس دار پھلوں کا استعمال مناسب مقدار میں کیا جائے تو بہتر طور پر فائدہ ہوگا۔
اگر سلاد میں رس دار پھل بھی شامل رکھے جائیں تو یہ جسم کو دوسرے غذائی اجزاء بہتر طور پر جذب کرنے کے قابل بناتے ہیں یعنی مرغی، گوشت، مچھلی، دال، چاول غرض کچھ بھی کھایا جائے، سلاد میں شامل رس دار پھلوں کے ٹکڑے یا رس انہیں اچھی طرح سے ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں اور یوں کھانے کی کم مقدار ہمیں زیادہ غذائیت فراہم کرتی ہے۔
ان سب کے علاوہ، رس دار پھلوں میں پانی کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے یعنی انہیں استعمال کرکے جسم میں پانی کی مقدار بھی برقرار رکھی جاسکتی ہے لیکن اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ پانی پینا چھوڑ دیا جائے۔ مناسب مقدار میں روزانہ پانی پینے کے علاوہ رس دار پھل کھانے سے جسم میں پانی کی ضروری مقدار موجود رہتی ہے جو ہمیں صحت کے درجنوں مسائل سے بچاتی ہے۔
ہمیشہ جوان نظر آنے کی خواہشمند خواتین کے لیے بھی رس دار پھلوں کا استعمال کسی خوشخبری سے کم نہیں کیونکہ ان میں اینٹی آکسیڈنٹس نامی مرکبات کے علاوہ ایسے کئی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو اندرونی طور پر عمر رسیدگی کا عمل سست کرتے ہیں اور یوں خواتین اپنی اصل عمر سے کہیں زیادہ جوان نظر آتی ہیں۔