لودھراں الیکشن میں تحریک لبیک کے حمایت یافتہ امیدوار نے پی پی کو پچھاڑ دیا

لودھراں الیکشن میں تحریک لبیک کے حمایت یافتہ امیدوار نے پی پی کو پچھاڑ دیا

لاہور:لودھراں الیکشن میں تحریک لبیک کے حمایت یافتہ امیدوار نے تین گنا زیادہ ووٹ لیکر پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور انتخابات میں اپنا سکہ منوا لیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لوھراں کے حلقہ این اے 154 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مرزا محمد علی بیگ نے 3762 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان تحریک لبیک کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک محمد اظہر نے تین گنا زیادہ ووٹ11494 حاصل کرکے تیسرا نمبر حاصل کیا اور آئندہ عام انتخابات میں بڑی بڑی سیاسی جماعتوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔


تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی نااہلی سے خالی ہونے والی این اے 154 کی نشست پر تحریک انصاف کو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اقبال شاہ کے ہاتھوں بہت بڑا سیاسی دھچکا لگا اور اپنے ہی گھر میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اسی ضمن میں تحریک لبیک پاکستان ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے، اس نے پی پی پی اور جماعت اسلامی وغیرہ کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے، اتنے مختصر وقت میں عوام میں اس کی پذیرائی دیکھتے ہوئے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آئندہ الیکشن وہ بڑا اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ این اے 154 سے سابق ایم این اے مرزا ناصر بیگ پیپلزپارٹی میں شامل ہوچکے تھے اور پی پی امیدوار کو مرزا ناصر بیگ کی حمایت حاصل تھی لیکن اسکے باوجود یہ نتائج پیپلزپارٹی کیلئے بہت نقصان دہ ثابت ہورہے ہیں اور پنجاب میں پی پی کو اپنا وجود خطرے میں دکھائی دے رہا ہے۔