سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز : نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو بارہ رنز سے ہرا دیا

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز : نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو بارہ رنز سے ہرا دیا

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ایک میچ میں انگلینڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلش ٹیم مقررہ اووروں میں 9 وکٹوں پر 184 رنز بناسکی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کو 14 کے مجموعی سکور پر جوئے روٹ کی صورت میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو صرف 8 رنز بنا کر ٹم ساوتھی کا شکار بنے۔

الیکس ہیلز اور ڈیوڈ مالان نے دوسری وکٹ پر جارحانہ انداز اپنایا اور 65 رنز کی شراکت قائم کی۔

ہیلز نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 24 گیندوں پر 47 رنز بنائے اور ایش سودھی کا شکار بنے، جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن ڈیوڈ مالان نے مزاحمت جاری رکھی۔ 

158 کے مجموعی اسکور پر مالان کے آوٹ ہونے کے بعد میچ انگلینڈ کے ہاتھ سے نکل گیا، جو 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر نمایاں رہے، دیگر بلے بازوں میں جے ایم ونز 10، کپتان بٹلر 2، سیم بلنگ 12، ویلے 21 اور جورڈن 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، ایش سودھی اور مچل سینٹنر 2،2 جب کہ ٹم ساوتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کی تو اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل نے انگلش بولروں کی خوب پٹائی کی اور گراونڈ کے چاروں اطراف زبردست اسٹروکس کھیلتے ہوئے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 65 رنز بنا کرآوٹ ہوئے، کولن منرو 11، مارک چیپمین 20 اور گرینڈ ہوم بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔

کیویز کپتان کین ولیمسن نے شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے، میچ میں اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

خیال رہے کہ سہہ فریقی سیریز میں آسٹریلیا تین میچز میں کامیابی کے بعد سرفہرست ہے جب کہ نیوزی لینڈ نے اب تک 2 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلش ٹیم تین میچ کھیل چکی ہے اور تینوں میں اسے شکست ہوئی۔