پی آئی اے کا سال 2019 ء میں خسارہ 53 ارب روپے سے زائد رہا

 پی آئی اے کا سال 2019 ء میں خسارہ 53 ارب روپے سے زائد رہا


اسلام آباد:پی آئی اے کا سال 2019 ء میں خسارہ 53 ارب روپے سے زائد رہا، 5 سالوں میں قومی ائیر لائن میں 3492 افراد وسیع نقصانات کے باوجود بھرتی کئے گئے، 2009 ء سے پی آئی اے کے نقصانات میں غیر معمولی اضافہ شروع ہو گیا ۔

تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئی ہیں ۔ جمعرات کو صلاح الدین کے سوال کے تحریری جواب میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سال 2019 ء میں پی آئی اے کا نقصان 53 ارب 10 کروڑ 70 لاکھ 92 ہزار روپے تھا ۔

2010 ء سے 2014 ء کے دوران پانچ سالوں میں پی آئی اے میں 3492 افراد بھرتی کئے گئے پی آئی اے کے ملازمین کی تعداد 15052 ہے ۔ ان میں 11284 مستقل ، 3310 عارضی ملازمین ہیں ۔ 458 ملازمین کنٹریکٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں ۔

افضل کھوکھر کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایاگیا کہ پی آئی اے کی 18 پروازیں خسارے میں چل رہی ہیں ۔ ان میں جدہ ، لندن ، اوسلو ، پیرس ، ٹوکیو ، کوپن ہیگن جانے والی پروازیں بھی شامل ہیں۔ پی آئی اے کے سائز کی درستی اور تنظیم نو کی سفارشات پیش کی گئی ہیں ۔

نیا کارپوریٹ بزنس پلان ترتیب دیا جائے گا عملدرآمد کا ٹائم فریم 6 ماہ ہو گا ۔