پاکستانی نژاد برطانوی وزیر خزانہ ساجد جاوید مستعفی

پاکستانی نژاد برطانوی وزیر خزانہ ساجد جاوید مستعفی

لندن: برطانوی کابینہ میں پاکستانی نژاد وزیر خزانہ ساجد جاوید نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا،  ان کی جگہ رشی سونک کو اس عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق الوک شرما کو اینڈریا لیڈسم کی جگہ وزیر تجارت کا قلمدان مل گیا۔ وزیر ماحولیات تھریسا ویلرز عہدے سے برخاست کردیا گیا جبکہ وزیر برائے شمالی آئرلینڈ جولین اسمتھ سے وزارت کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔ ان کے علاوہ اٹارنی جنرل جیفری کوکس بھی اپنے عہدے سے فارغ کردیے گئے ہیں۔ گزشتہ سال جولائی میں وزیراعظم بورس جانسن نے ساجد جاوید کو وزیر خزانہ مقرر کیا تھا۔  وہ بطور اقلیتی شہری اس اعلیٰ ترین منصب پر پہنچنے والے پہلے برطانوی ہیں۔

تھریسامے کے مستعفی ہونے کے فیصلے کے بعد وہ وزارت عظمیٰ کے منصب کی دوڑ میں بھی شامل تھے۔ سابق وزیراعظم تھریسامے کی کابینہ میں وہ بطور وزیر داخلہ ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔