اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کو ایک دوسر ے پر بھی یقین نہیں ہے: اسد عمر

اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کو ایک دوسر ے پر بھی یقین نہیں ہے: اسد عمر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سردیاں شروع ہوتے ہی اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا تماشہ شروع ہو جاتا ہے، اپوزیشن اپنے ممبران کی فکر کرے جنہیں ایک دوسرے پر بھی اعتماد نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں ہے، حکومت نے سینیٹ میں سٹیٹ بینک سے متعلق بل منظور کرایا اور قومی اسمبلی میں بھی تمام بلز منظور ہوئے، پی ڈی ایم کا حکومت کے خلاف عدم اعتماد ناکام کوشش ہے اور یہ پہلی کی طرح اب بھی ناکامی کا سامنا کریں گے۔ 
وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت کی کارکردگی اچھی جا رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان ملک کی ترقی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ ہیلتھ کارڈ کا اجراءحکومت کا بہترین اقدام ہے جس کے باعث ہر پاکستانی کو علاج کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور جلد ہی عوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکیجز متعارف کرائے جائیں گے۔ 
اسد عمر نے سندھ حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سندھ میں ظلم اور غنڈہ گردی کا راج ہے جبکہ سندھ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، آصف علی زرداری اور ان کے حواریوں نے کراچی میں آگ اور خون کا بازار گرم کیا ہوا ہے، زرداری کے حواری مسلح جتھوں کی سرپرستی پر وسائل بہار ہے ہیں، زرداری اوران کے حواریوں کا سندھ میں مستقبل تاریک ہے۔

مصنف کے بارے میں