کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 142 رنز کا ہدف 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 142 رنز کا ہدف 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 7 کے 20 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے افتخار احمد کی نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 142 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو شاہین شاہ آفریدی کا جادو سر چڑھ کر بولا جنہوں نے اننگز کے پہلے اوور کی پہلی گیند پر جیسن روئے کو آؤٹ کیا تو دوسری ہی گیند پر جیمز وینس کو بھی کلین بولڈ کر دیا تاہم وہ ہیٹرک کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ 
ابتدائی اوور میں ہی یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں گرنے کے بعد کوئٹہ کی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آل راؤنڈر افتخار احمد 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سرفراز احمد 12، عمر اکمل 25، حسن خان 17، سہیل تنویر 7 اور نور احمد 13 رنز بنا سکے۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزا سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی ر اہ دکھائی اور شاہین شاہ آفریدی نے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں جبکہ حارث رؤف اور راشد خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، راشد خان، ہیری بروک، ڈیوڈ ویزا، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، احسان علی، جیمز وینس، افتخار احمد، عمر اکمل، حسن خان، نور احمد، جیمز فالکنر، نسیم شاہ، سہیل تنویر اور غلام مدثر شامل ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں