مخصوص لوگ جنرل راحیل شریف کو متنازع بنانا چاہتے ہیں، ہاشوانی

مخصوص لوگ جنرل راحیل شریف کو متنازع بنانا چاہتے ہیں، ہاشوانی

اسلام آباد: ہاشو گروپ کے چیئرمین صدر الدین ہاشوانی نے کہا ہے کہ مخصوص لابی جنرل راحیل کو متنازع بنانے کیلئےکوشاں ہے جنرل راحیل شریف غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل شخص ہیں۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مسلم افواج کے سربراہی کے معاملے پر جنرل راحیل شریف کےخلاف گھٹیا مہم چلانے کی مذمت کی ہے۔ صدر الدین ہاشوانی کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل شخص ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے میں جنرل راحیل شریف کاکردار لائق تحسین ہے۔

اہل پاکستان کےلئے یہ لمحہ قابل فخر ہے کہ ساری دنیا پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ جنرل راحیل شریف کی پاکستان کی سلامتی کے لئے کمٹمنٹ پرکوئی دو آراء نہیں ،تاہم ایک مخصوص لابی جنرل راحیل شریف کی شخصیت کو متنازع بنانے کےلئے کوشاں ہے اور ایک مفروضے کو بنیاد بنا کر ان کےخلاف مہم چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جنرل راحیل شریف کو اسلامی اتحادی افواج کے ایڈوائزر بننے کی پیش کش اس امر کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار نہیں بلکہ 39 اسلامی ممالک پاک فوج جو پاکستان کی سلامتی اور بقا کی ضامن ہے کے سابق سربراہ سے مشاورتی خدمات کی طلب گار ہے، جو پاکستان کےلئے قابل صد اعزاز کی بات ہے۔

صدر الدین ہاشوانی نے کہاکہ اسلامی اتحاد افواج کو جنرل(ر)راحیل شریف کےبڑے عسکری تجربے اور دہشت گردی کےخلاف ان کی طویل خدمات سے ضرور استفادہ کرنا چاہیے، یہ اعزاز پاکستان کی نیک نامی اور وقار میں اضافہ کرے گا۔