مسلم لیگ ق کے عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب

مسلم لیگ ق کے عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب

کوئٹہ :بلوچستان میں جاری وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا معرکہ مسلم لیگ ق نے جیت لیا ہے ۔ اور اس طرح مسلم لیگ کو دس سال  بعد بلوچستان اسمبلی میں بڑی کامیابی حاصل ہو گئی ہے ۔ذرا ئع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان کا نیا وزیراعلیٰ منتخب کرلیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ ثنا اللہ زہری کے استعفیٰ کے بعد وزارت اعلیٰ کی خالی نشست پر ق لیگ کے عبدالقدوس بزنجو کو منتخب کرلیا گیا ہے۔خیال رہے کہ ق لیگ کو بلوچستان اسمبلی میں 10سال بعد کامیابی ملی ہے ۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سپیکر راحیلہ درانی کی سربراہی میں شروع ہوا تو اجلاس کے آغاز میں قصور میں قتل ہونے والی کمسن زینب اور ایئرمارشل (ر) اصغر خان سمیت کوئٹہ دھماکے کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اسمبلی اجلاس میں سپیکر نے اراکین کو قائد ایوان کے انتخاب کا طریقہ کار بتایا جس کے بعد نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے رائے شماری کی گئی۔

اسمبلی میں عبدالقدوس بزنجو کے حمایتی ارکان کے لیے اے لابی اور لیاقت علی کے حمایتی اراکن کے لیے بی لابی بنائی گئی  جب کہ صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا گیا اور عبدالقدوس بزنجو نے 41ووٹ حاصل کئے۔

اسمبلی میں اراکین نے مسلم لیگ (ق) کے عبدالقدوس بزنجو کو نیا قائد ایوان منتخب کیا، عبدالقدوس بزنجو آج ہی وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔

اسمبلی اجلاس سے کچھ دیر قبل ہی پشتونخوا میپ کے عبدالرحیم زیارتوال وزارت اعلیٰ کے دوسرے امیدوار سید لیاقت علی کے حق میں دستبردار ہوگئے جس کی تحریری درخواست انہوں نے سیکریٹری اسمبلی کو جمع کرائی۔