محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ،فواد چودھری کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ،فواد چودھری کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں جبکہ دورہ سے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا سعودی ہم منصب ترکی الشبانہ سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا۔وزیراطلاعات نے سعودی ہم منصب کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، سعودی وزیر نے فواد چودھری کی طرف سے نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا جبکہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوستانہ قریبی تعلقات کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

فواد چودھری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، دورہ سے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی،سعودی عرب اور پاکستان دو بھائی ہیں ،سعودی عرب اور پاکستان میں میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کشادہ ہوں گی جبکہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی احترام، تعاون، اعتماد کا رشتہ ہے۔

وزیراطلاعات فوادچودھری نے سعودی ہم منصب کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد جبکہ سعودی وزیر نے فواد چودھری کی جانب سے نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔