لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش

لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش
کیپشن: لاہور میں صبح کے وقت کالی بدلیاں چھائیں اور پھر چھما چھم برسات ہوئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور:لاہور، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل خوب گرجے برسے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ کراچی میں رم جھم نے خنکی بڑھا دی۔ جیکب آباد، سکھر سمیت سندھ میں بارش سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی بارش کی جھڑی کل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی جبکہ پہاڑوں پر مزید برفباری کا بھی امکان ہے۔

لاہور میں صبح کے وقت کالی بدلیاں چھائیں اور پھر چھما چھم برسات ہوئی۔ گڑھی شاہو، دھرم پورہ، ایئر پورٹ، گلبرگ، فیروز پور روڈ ، جوہر ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف حصوں میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔

فیصل آباد، قصور، چکوال، ننکانہ صاحب، شکر گڑھ، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ہارون آباد، رحیم یار خان، خان پور، اوچ شریف سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ابر کرم خوب برسا جس سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔

کراچی میں بھی بوندا باندی سے سردی بڑھ گئی۔ جیکب آباد، سکھر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ بلوچستان کے چاغی سمیت مختلف مقامات پر بارش سے ندی نالے بپھرے پڑے ہیں جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے۔

موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں بارش کی جھڑی کل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی جبکہ پہاڑوں پر مزید برفباری کا بھی امکان ہے۔