وزیر خارجہ شاہ محمود وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت ریاض پہنچ گئے

وزیر خارجہ شاہ محمود وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت ریاض پہنچ گئے
کیپشن: Image Source: File Photo

ریاض:  وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر  وزیر خارجہ شاہ محمود وفد کے ہمراہ  ریاض پہنچ گئے جہاں وہ سعودی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق،  پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے مصالحتی کوششوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت کے دیگر سینئر حکام کے ہمراہ ایران کے ایک روزہ دورے کے بعد سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے۔


سفیرِ پاکستان راجا علی اعجاز، سعودی وزارتِ خارجہ کے ڈی جی پروٹوکول عبداللہ ال راشد سمیت سفارتخانے کے اعلیٰ حکام کی جانب سے رائل ائیرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کے دورے کا بنیادی مقصد خطے میں ہونے والی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔ سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات میں امریکا، ایران کشیدگی سمیت علاقائی امن واستحکام کے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس سے قبل وزیر خارجہ گزشتہ روز تہران پہنچے تھے جہاں ان کی آج ایرانی صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں۔