پرویز مشرف کیخلاف کیس دائر کرنے والوں کی بدنیتی سامنے آ گئی، فردوس عاشق اعوان

پرویز مشرف کیخلاف کیس دائر کرنے والوں کی بدنیتی سامنے آ گئی، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف کیس دائر کرنے والوں کی بدنیتی سامنے آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ سپیشل کورٹ کا اختیار وفاقی حکومت کو حاصل تھا۔ نواز شریف نے کابینہ کی اجازت کے بغیر سپیشل کورٹس بنائی تھیں۔ تاہم پرویز مشرف کیس پر آج عدالت نے انصاف کی فراہمی یقینی بنائی۔


میاں نواز شریف کی وائرل تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے سیروتفریح کر رہے ہیں۔ لندن سے مختلف تصاویر سامنے آ رہی ہیں۔ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ پلیٹ لیٹس کی صورتحال کیا ہے؟

فردوس عاشق اعوان نے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کیخلاف منشیات سمگلنگ کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس آئینی دفاع ہوتا تو وہ قرآن پاک کا سہارا نہ لیتے۔ اگر ہر کسی نے قرآن اٹھا کر کیس لڑنا ہے توعدالتیں بند کر دیتے ہیں۔ انھیں ضمانت ملنا بے گناہی کا سرٹیفکیٹ نہیں ہے، ابھی کیس کا فیصلہ ہونا ہے۔

ایم کیو ایم کے ساتھ حکومت کے معاملات پر معاون خصوصی نے کہا کہ بیگانی شادی میں بھڑکیں مارنے والوں کے جذبات پر اوس پڑی۔ حکومت ایم کیوایم قیادت کی شکر گزار ہے۔ کل سے بغلیں بجانے والوں کو مایوسی ہوئی۔ حکومت اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل حل کرے گی۔ پاکستان خطے میں امن کے لیے کوشاں ہے۔ ملک کو مستحکم بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش اور عدالت کی مہربانی سے گیس صارفین کو حق ملنے جا رہا ہے۔ جن کو پیسے نہیں ملے، وہ آئندہ ماہ بلوں میں ایڈجسٹ ہو جائیں گے۔