مشرق وسطیٰ کی کشیدگی پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے ، شاہ محمود قریشی

مشرق وسطیٰ کی کشیدگی پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے ، شاہ محمود قریشی
کیپشن: Image Source: File Photo

ریاض:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کو کم نہ کیا گیا تو یہ خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ کشیدگی پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے کیونکہ اس سے افغان امن عمل متاثر ہو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ،  وزیر خارجہ شاہ محمود  قریشی نے ان خدشات کا اظہار سعودی عرب  کے دورے کے موقع پر اپنے ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کے دوران کیا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے دوران عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی اور خطے میں امن وامان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔


وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونیوالے روابط سے بھی انھیں آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے، اس کشیدہ صورتحال کو اعتدال پر لانے اور خطے کے امن واستحکام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے ملاقات کے دوران کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام فریقین صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت وشنید کا راستہ اپنانے پر آمادہ کریں۔