ترک وزیر خارجہ میولت چاؤش اوغلو اہم وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے

Turkish Foreign Minister arrived in Pakistan with a large delegation
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ترک وزیر خارجہ میولت چاؤش اوغلو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ وفد میں ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے اداکار اور دیگر شخصیات بھی شامل ہیں۔

ترک وزیر خارجہ میولت چاؤش اوغلو کا یہ دورہ تین روزہ ہوگا جس میں وہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ہم منصب شاہ محمود قریشی سمیت اہم شخصیات سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ معزز ترک مہمان کا یہ دورہ تین روز کیلئے ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ترک وزیر خارجہ میولت چاؤش اوغلو نے گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان آنا تھا تاہم نکوروکاراباخ تنازع کی وجہ سے انھیں یہ اہم دورہ ملتوی کرنا پڑا تھا۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں اب تک ترک وزیر خارجہ کا یہ تیسرا اہم دورہ ہے۔

ادھر آذربائیجان کے وزیر خارجہ بھی ایک اہم وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ اس دورے مقصد پاکستان، آذربائیجان اور ترکی کے درمیان سہ فریقی اجلاس کا انعقاد ہے۔

خبریں ہیں کہ ترکی کی مشہور ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے اداکار ایبرک پیکان اور پروڈیوسر اوزکان ایما بھی پاکستان آنے والے وفد میں شامل ہیں۔ یہ اداکار مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں ترکی اور آذربائیجان کے وفد کی آمد پر کہا گیا ہے کہ یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں عالمی سطح پر ہونے والی سیاسی تبدیلیوں، علاقے کے امور، خطے کی صورتحال اور وبائی مرض کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے درمیان ثقافتی تعاون، تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی، سائنس، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔ دنیا کی حالیہ بدلتی صورتحال میں اس سہ فریقی اجلاس کو بہت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔