سینیٹ میں اوپن بیلٹ الیکشن کرانے سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا، سینیٹر فیصل جاوید

Holding open ballot elections in the Senate will end corruption: Senator Faisal Javed
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ سینیٹ میں اوپن بیلٹ سے الیکشن کرانے سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔ تاہم پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

تحریک اںصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نواز شریف نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ نواز شریف کسی فورم پر بھی اپنی صفائی میں ثبوت پیش نہ کرسکے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ مریم نواز ایون فیلڈ کی اصل مالک ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے پیسہ چوری کرکے بیرون ملک بھیجا۔ ان تمام کرپٹ لوگوں نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کا اقتدار میں آنے کا مقصد ہی جائیدادیں بنانا تھا۔ شریف فیملی نے غریب کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرکے جائیدادیں بنائیں۔ یہ تمام کرپٹ افراد وزیراعظم کو این آر او دینے پر مجبور کر رہے ہیں لیکن وزیراعظم انہیں کسی صورت این آر او نہیں دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنی کرپشن اور چوری بچانے کیلئے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ الیکشن میں شفافیت کیلئے عمران خان نے سب سے بڑا دھرنا دیا۔ سینیٹ میں اوپن بیلٹنگ ہوگی تو کرپشن کا خاتمہ ہوگا تاہم اپوزیشن جماعتیں اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے رضا ربانی اور جے یو آئی بھی اس ریفرنس کی مخالفت کر رہی ہے۔ یہ مخالفت اس لئے کر رہے ہیں کہ خرید و فروخت کا بازار لگاتے ہیں۔ یہ لوگ دھاندلی کےعلاوہ کبھی نہیں جیت سکے۔ آج شفافیت کی بات ہو رہی ہے تو یہ اس کی مخالفت کرتے ہیں۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ کرپشن آصف زرداری اور نواز شریف نے شروع کی۔ یہ آج تک ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پر ایک ثبوت بھی نہیں دکھا سکے۔ بعد میں مریم نواز اس کی حقیقی مالک نکل آئیں۔ عمران خان بھاگے نہیں سامنے آئے، ایک ایک پائی کا حساب دیا۔ عمران خان کی حلال کی کمائی باہر تھی وہ پاکستان لے کر آئے۔