پی ایس ایل 7، بائیو ببل کے اندر ہر ٹیم کا الگ ببل بنانے کا فیصلہ

پی ایس ایل 7، بائیو ببل کے اندر ہر ٹیم کا الگ ببل بنانے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے کامیاب انعقاد کیلئے بائیو ببل کے اندر ہر ٹیم کا اپنا ببل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں دوسرا کوئی بھی شخص یا کھلاڑی داخل نہیں ہو سکے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 7 کے انعقاد کیلئے بھرپور تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور ٹورنامنٹ کا آغاز 27 جنوری سے ہونا ہے۔ گزشتہ سیزنز کے درمیان پیش آنے والی صورتحال اور عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت ترین بائیو ببل پلان تشکیل دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں مکمل ہوٹل بک ہے جبکہ لاہور میں ہوٹل کا ایک مکمل ونگ ہی پی ایس ایل سکواڈز کیلئے مختص ہو گا جبکہ کورونا وائرس کے باعث کھلاڑیوں کی موومنٹ انتہائی محدود رکھی جائے گی، اس کے علاوہ ببل کے اندر ایک اور ببل ہو گا اور ہر ٹیم اپنے ببل سے باہر نہیں جا سکے گی جبکہ کسی کو دوسرے سکواڈ کے رکن سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں ہو گی۔ 
ذرائع کے مطابق لائزن آفیسر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ٹیموں کا ہوٹل میں ایک دوسرے سے سامنا نہ ہو جبکہ آرمی میڈیکل کور سے تعلق رکھنے والے بائیو ببل انٹیگریٹی منیجر معاملات کی نگرانی کریں گے۔ لاہور کے ہوٹل میں باقاعدہ رکاوٹیں کھڑی کر کے غیرمتعلقہ افراد کو روکا جائے گا اور سکواڈز کیلئے الگ لفٹ، ڈائننگ ایریاز مختص کئے جائیں گے۔ 
ٹورنامنٹ کے دوران روزانہ سکواڈز کے ریپیڈ ٹیسٹ لینے کے علاوہ ہر 2،3 روز میں پی سی آر ٹیسٹ لئے جائیں گے جبکہ کھلاڑیوں کو باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت بھی نہیں ہو گی اور انہیں تینوں وقت کا کھانا بائیو سیکیور ببل کے اندر ہی فراہم کیا جائے گا۔