خیبرپختونخواہ اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھی تیار کر لی ہے: فواد چوہدری

خیبرپختونخواہ اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھی تیار کر لی ہے: فواد چوہدری

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوااہ اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس تیار کر لی ہے اور پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کا حکم جاری کر دیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن 48 گھنٹوں کا انتظار نہ کریں اور فوری اسمبلی تحلیل کریں تاکہ نگران سیٹ اپ کا عمل شروع ہو سکے، ہم نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے اپنے نام پرویز الٰہی کو دیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور کابینہ کے ارکان سے گفتگو ہوئی ہے اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھی تیار ہو چکی ہے، جیسے ہی پنجاب اسمبلی تحلیل ہو گی تو کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا جائے گا۔ 
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل تمام جماعتیں الیکشن سے بچنے کی کوشش کر رہی ہیں، اب بھی وقت ہے پاکستان کو مزید امتحانوں میں نہ ڈالیں اور وفاقی حکومت سے کہتا ہوں کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر انتخابات کا فریم ورک طے کریں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کی تفتیش کو آزادانہ طور پر ہونے دیا جائے، کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ تفتیش میں کوئی رکاوٹ ڈالے۔ 

مصنف کے بارے میں