تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست، نیوزی لینڈ نے سیریز 1-2 سے جیت لی

تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست، نیوزی لینڈ نے سیریز 1-2 سے جیت لی

کراچی: نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔ 
فخر زمان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 101 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد رضوان نے 77 رنز بنائے جبکہ شان مسعود صفر، بابراعظم 4، حارث سہیل 22، آغا سلمان 45، محمد نواز 8، اسامہ میر 6، محمد وسیم جونیئر 7، حارث رؤف 1 اور محمد حسنین 4 رنز بنا سکے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 56 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور لوکی فرگوسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مائیکل بریس ویل اور ایش سودھی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
کیوی ٹیم نے گلین فلپس، ڈیوون کونوے اور کین ولیم سن کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ ہدف 48.1 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور یوں میچ میں فتح کے ساتھ ہی تین میچز کی سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ 
گلین فلپس 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کین ولیم سن نے 53، ڈیوون کونوے نے 52، ڈیرل مچل نے 31، فن ایلن نے 25، ٹام لاتھم نے 16، مائیکل بریس ویل نے 7 اور مچل سینٹنر نے 15 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 5 اوورز میں 35 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور آغا سلمان نے 10 اوورز میں 42 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد نواز اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

مصنف کے بارے میں