قاتل دہشتگردوں کے لیے عام معافی کا اعلان نہیں کیا جائے گا، عراقی وزیراعظم

قاتل دہشتگردوں کے لیے عام معافی کا اعلان نہیں کیا جائے گا، عراقی وزیراعظم

بغداد :عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے واضح کیا ہے کہ قاتل دہشتگردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق انھوں نے وزارتی اجلاس میں ایک بیان میں کہا ہے کہ فوجی انسانی حقوق کے مدافعین ہیں۔

انھوں نے انسانیت کو آزاد کرانے کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور شہریوں کو آزاد کرایا ہے۔حکومت انسانی حقوق کے دفاع کے لیے ان کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے اور اگر کہیں انسانی حقوق کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے تو وہ اس کے خلاف موقف اختیار کرے گی۔

حیدر العبادی نے انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے کہا ہے کہ اپنے ذرائع کا جائزہ لیں، ان کی تصدیق کریں اور موصل کے عوام کی خوشی کو تسلیم کریں جنھوں نے بہادر عراقی فورسز کا بھرپور خیرمقدم کیا تھا۔انھوں نے داعش کے ہاتھوں لوگوں کے قتل عام کے وقت ان تنظیموں کے خاموش کردار پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حیدر العبادی نے کہا ہے کہ وہ داعش کے اشتعال انگیز اور فرقہ پرستی پر مبنی نظریے کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ کوئی بھی دہشت گرد سزا سے نہیں بچ سکے گا اور ہم قاتل دہشت گردوں کے لیے کوئی عام معافی نامہ نہیں جاری کریں گے۔