جے آئی ٹی رپورٹ، والیم 9 میں مریم نواز کے بارے میں اہم انکشافات

جے آئی ٹی رپورٹ، والیم 9 میں مریم نواز کے بارے میں اہم انکشافات

لاہور: جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 9 میں وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے اثاثوں سے متعلق اہم انکشافات کئے گئے ہیں۔ مریم نواز زمانہ طالبعلمی سے خاندانی کاروبار سے منسلک ہیں۔ 90 کی دہائی میں ان کی دولت میں بے پناہ اضافہ ہوا اوور 92-91ء میں ان کے اثاثوں کی مالیت 14 لاکھ سے بڑھ کر 3 کروڑ روپے ہو گئی۔

اس دوران آمدن کے ذرائع بھی ظاہر نہیں کئے گئے۔ مریم نواز 1996 سے 1998 تک حدیبیہ پیپر ملز کی ڈائریکٹر رہیں جبکہ 2001 سے 2003 تک ان کے پاس اتفاق شوگر ملز کے ایک ہزار شیئر تھے۔ مریم نواز نے گوشواروں میں اتفاق شوگر ملز کے حصص ظاہر نہیں کئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مریم نواز کو متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان نے بی ایم ڈبلیو کار تحفے میں دی۔ وزیراعظم کی صاحبزادی نے کار کی قیمت 35 لاکھ ظاہر کی۔ کیپٹن صفدر نے الیکشن کمیشن میں اسی کار کی قیمت 60 لاکھ روپے ظاہر کی۔

مریم نواز نے 2008 ء کے بعد کروڑوں روپے کے تحائف وصول کئے۔ 2013ء میں 19 کروڑ 20 لاکھ جبکہ 2014ء میں 31 کروڑ روپے کے تحائف ملے۔ مریم نواز نے انہی تحائف کی رقم سے زرعی زمین خریدی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں