سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن 17 جولائی تک معطل

سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن 17 جولائی تک معطل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست پر پی ایس 114 ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران وکیل ایم کیو ایم اقبال قادری نے موقف اختیار کیا کہ چودہ پولنگ اسٹیشنز پر جعلی ووٹ پول کیے گئے جس کی تحقیقات کی جائیں جبکہ 2013  میں اسی حلقے میں اٹھارہ ہزار جعلی ووٹ پول کیے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے 17 جولائی تک سعید غنی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا۔

گذشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ضمنی الیکشن کے نتائج آخری وقت میں تبدیل کیے گئے جبکہ ان کی جماعت آخری وقت تک یہ الیکشن جیت رہی تھی۔ ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبے کے ساتھ ساتھ نادرا سے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے گزشتہ دنوں پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ کے کامران ٹیسوری کو شکست دیکر میدان مار لیا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن تیسرے نمبر پر رہی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں