عمران خان کی منی ٹریل جمع کرادی، نااہلی کا کوئی چانس نہیں، فواد چوہدری

عمران خان کی منی ٹریل جمع کرادی، نااہلی کا کوئی چانس نہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی منی ٹریل سے متعلق تمام ثبوت عدالت میں جمع کرادیئے ہیں، اگر فراڈ، کرپشن اور قطریوں کے پیسے نہ ہوں تو منی ٹریل مل جاتی ہے۔

جمعرات کوسپریم کورٹ میں عمران خان کی بنی گالا زمین کی خریداری سے متعلق حنیف عباسی کی دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 84-1983 کا ریکارڈ بھی سپریم کورٹ میں پیش کردیا، اگر فراڈ، کرپشن اور قطریوں کے پیسے نہ ہوں تو منی ٹریل مل جاتی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جمائما کی بھی منی ٹریل آگئی، اب کہا جا رہا ہے کہ لندن میں عمران خان نے فلیٹ کیسے خریدا؟ تاہم اگر اب آپ کو بچپن کی عیدی کا ریکارڈ چاہیے تو وہ بھی جمع کرا دیں گے لیکن عمران خان کی نااہلی کا کوئی چانس نہیں ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ حنیف عباسی کی طرف سے جو پٹیشن فائل کی گئی وہ بنی گالا زمین کی ٹرانزیکشنز سے متعلق تھی جب کہ پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کے کاغذات لاکر سپریم کورٹ میں کیس دائر کیا گیا تاہم انہیں یاد رکھنا چاہیئے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف مقدموں کا مستقبل ردی کی ٹوکری ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کا جواب دیا ہے، ہم عوام کے نمائندے ہیں، ضروری ہے کہ ہم پر کرپشن کے داغ نہ ہوں، ہر سیاست دان کا فرض ہے کہ وہ اپنا دامن صاف رکھے، ہمارا فرض ہے کہ عدالتی سوالات کے جوابات دیں اس لئے 1970 سے لے کر اب تک کا تمام ریکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔