ٹیم میں چیزیں بہتر ہوئی ہیں لیکن میرا ہدف مستقل مزاجی لانا ہے: سرفراز

ٹیم میں چیزیں بہتر ہوئی ہیں لیکن میرا ہدف مستقل مزاجی لانا ہے: سرفراز

کراچی: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا آخری مرتبہ پریس کلب پر 12 سال قبل مظاہرہ کرنے آیا تھا اور آج اللہ نے عزت دی اسی کلب کا ممبر بن گیا جو میرے لیے اعزاز ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا اللہ کا نام لیکر گراؤنڈ میں گئے تھے سب کا ایک ہی عزم تھا کہ فائنل جیتیں اور کامیابی پر اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے اور چیمپئنز ٹرافی میں جیت پورے پاکستان کی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی کرکٹ میں ایک نئی جان آ گئی ہے۔

سرفراز احمد نے کہا اب ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو ایک زبردست کمبی نیشن ہے لیکن یونس خان اور مصباح الحق کی کمی ضرور محسوس ہو گی کیونکہ ٹيم کو سینئر کھلاڑیوں کی ہمیشہ ضرورت رہتی ہے۔ انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ پاکستان کی کرکٹ کیلئے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

سرفراز احمد نے بتایا پاکستان کرکٹ میں پچھلے ڈیڑھ سال سے چیزیں بہتر ہوئی ہیں جبکہ میرا ہدف ٹیم میں مستقل مزاجی لانا ہے۔ فخر زمان اور شاداب ڈومیسٹک کھیلتے رہے تھے لیکن پی ایس ایل سے انکو پہچان ملی جس کی وجہ سے فخر زمان نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیلا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہوم کرکٹ نہ ہونے سے بہت نقصان ہوا ہے جبکہ انگلینڈ میں سیکیورٹی ایشوز کے باوجود ٹیمیں کھیلی ہیں اور پاکستان میں بھی اب کرکٹ بحال ہونی چاہیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں