روپے کی بے قدری سے ملک میں مزیدمہنگائی کا طوفان آئے گا، انصاربیگ

روپے کی بے قدری سے ملک میں مزیدمہنگائی کا طوفان آئے گا، انصاربیگ

کراچی:  آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر حاجی انصاربیگ قادری نے کہاہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ڈالر کی قدر بڑھتی جارہی ہے،وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی ڈبونے کابندوبست کرلیاہے،لیکن موصوف وعدہ معاف گواہ بننے کے باوجودبھی نہیں بچ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی رپورٹ نے وزیراعظم اور ان کے خاندان کی کرپشن کا پول بالآخر کھول دیاہے،ملکی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے حکمران آخرکار اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

حاجی انصاربیگ قادری نے کہاکہ آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن لینے والوں کو پاکستان اور پاکستان کے بیس کروڑ عوام کی کبھی کوئی فکر نہیں ہوئی،قوم کے بچے بچے کو مقروض بنادیاگیاہے، موجودہ حکومت سے پہلے ہر پاکستانی 75000کا مقروض تھاجبکہ اب یہ قرضہ مزید بڑھتے ہوئے بیس فیصد سے بھی بڑھ چکاہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈالر کے تمام دعوے ڈھکوسلہ ثابت ہوچکے ہیں ڈالر کی قیمت روزبروزبڑھتی جارہی ہے اور قوم مزید قرضوں تلے دبتی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ خود وزیرخزانہ اسحاق ڈالر نے بیس سال سے ٹیکس نہیں دیا دوسروں سے کس منہ سے وصول کریں گے۔تاجر برادری نوازحکومت کی پالیسیوں سے بے حد نالاں اور عوام ناخوش ہیں،ہمارامطالبہ ہے کہ ڈالر کی قیمت کو واپس 86روپے پر لایاجائے۔

مصنف کے بارے میں