نوجوان ڈاکٹرز کو استعمال کرنے کی سازش کا بھانڈا پھوٹ گیا: خواجہ سلمان رفیق

نوجوان ڈاکٹرز کو استعمال کرنے کی سازش کا بھانڈا پھوٹ گیا: خواجہ سلمان رفیق

لاہور: وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ YDA کا شو بری طرح فلاپ ہوگیا ہے اور احتجاجی کال پر توجہ نہ دے کر نوجوان ڈاکٹرز نے چند مفاد پرست عناصر کی جانب سے مریضوں کے علاج معالجہ میں خلل ڈالنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہےـ

خواجہ سلما ن رفیق نے مزید کہا کہ نوجوان ڈاکٹرز کی اکثریت غریب مریضوں کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے اور ڈاکٹرز کی اکثریت اس بات کو بخوبی سمجھ چکی ہے کہ مفاد پرستوں کا ٹولہ اپنے مقاصد کے لئے نوجوان ڈاکٹرز کو استعمال کرنا چاہتا ہے لیکن اب یہ بھانڈاپھوٹ چکا ہےـ

انہوں نے جمعرات کے روز اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سر انجام دینے اور مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹرز   کی پیشہ وارانہ لگن اور دُکھی انسانیت کے جذبہ کو سراہا۔

ایک بیان میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت نے شعبہ صحت کی ترقی کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز کے مسائل ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر توجہ دی ہےـ

انہوں نے کہا کہ پی جی ٹرینی ڈاکٹرز کے داخلہ کے لئے سینٹرل انڈکسن پالیسی نہایت کامیاب رہی ہے جس سے دھونس ، دھاندلی اور کرپشن کی جگہ میرٹ اور شفافیت نے لے لی ہے جس سے مفاد پرستوں کے مفادات کو شدید گزند پہنچی ہےـ

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کی صفوں میں کچھ ایسے عناصر موجود ہیں جو مالی فائدے کے لئے میڈیکل پروفیشن کی اعلی اقدار کو ہی پامال کرچکے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے غریب مریضوں کا استحصال ختم کرکے ہسپتالوں میں نظم و نسق قائم کرنے کی کوشش کی ہےـ وزیر صحت نے مزید کہا کہ صرف سیکرٹری ہیلتھ کی بات نہیں ، اصول ، میرٹ اور ڈسپلن کی جو بھی بات کرے گا ، یہ مفاد پرست عناصر اس کی مخالفت سے باز نہیں آئیں گےـ

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی نان ایشوز کو ایشو بنا کر ہسپتالوں میں غریب مریضوں کے علاج معالجہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا اُس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ اپنی ڈیوٹیوں سے غیر حاضر رہنے والے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف میڈیکل کالجوں اور ٹیچنگ ہسپتالوں کی ڈسپلنری کمیٹیاں قانون کے مطابق کارروائی کریں گی۔ 

مصنف کے بارے میں