سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے گئے

سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے گئے
کیپشن: (ن) لیگی رہنماؤں کی وجہ سے شہر میں نقص امن اور توڑ پھوڑ کا خدشہ ہے، مراسلہ۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پنجاب پولیس نے سعد رفیق سمیت (ن) لیگ کے دیگر رہنماؤں کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

آئی جی پنجاب پولیس کلیم امام کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کے 7 رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جب کہ ایک کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف نے 12 خطرناک دہشتگردوں کی سزا ئےموت کی توثیق کر دی

مراسلے کے مطابق خواجہ سعد رفیق، میاں مرغوب، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، ملک سیف الملوک اور وحید عالم خان کی 30 روز کے لیے نظر بندی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ (ن) لیگی رہنماؤں کی وجہ سے شہر میں نقص امن اور توڑ پھوڑ کا خدشہ ہے۔ (ن) لیگی افراد کی تقاریر سے اشتعال پسندی کو بھی فروغ ملے گا۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ کے رہنما حاجی رانا بختیار کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے اور ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے

یہ بھی پڑھیں: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے قریب بم دھماکا، 4 افراد شہید

واضح رہے کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد وطنی واپسی کے موقع پر لاہور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت بیشتر مقامات کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے جب کہ پولیس کی جانب سے (ن) لیگ کے کارکنان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں