نواز شریف اور مریم نواز کی فلائٹ تاخیر کا شکار

نواز شریف اور مریم نواز کی فلائٹ تاخیر کا شکار
کیپشن: نواز شریف اور مریم نواز گرفتاری کیلئے دو ہیلی کاپٹر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا دیئے گئے ہیں۔۔۔۔فوٹو/ مریم آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

ابو ظہبی: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز وطن واپسی کے لیے لندن سے ابوظہبی پہنچ گئے ہیں جہاں سے لاہور کے لیے ان کی پرواز  تقریبا 2   گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔

ائیرپورٹ حکام کے مطابق  تاخیر کے باعث طیارہ ابو ظہبی سے لاہور کے لیے 4 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگا اور رات پونے 8 بجے لاہور پہنچے گا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے مسافروں نے طیارے میں روانگی پر تحفظات کا اظہار کر دیا ۔ کہتے ہیں لاہور ائرپورٹ پر کشیدہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کے طیارے میں نہ بھیجا جائے۔ 

غیر ملکی ائرلائن نے بزنس کلاس کی 15 نشستیں بھی لیگی ورکرز سے خالی کرا لیں اور انہیں اکانومی کلاس میں نشستیں دے دیں ۔

نوازشریف اور مریم نواز اس وقت ابوظہبی ائرپورٹ کے رائل لاؤنج میں موجود ہیں جہاں صرف سربراہان مملکت کو قیام کی اجازت دی جاتی ہے۔

رات گئے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی ابوظہبی پہنچ چکے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے دو ہیلی کاپٹر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا دیئے گئے ہیں۔

سیکیورٹی کے انتظامات

نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور ایئرپورٹ آمد سے قبل ایئرپورٹ پر پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی موجود ہیں۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 6 ایدھی ایمبولینسز بھی پہنچ چکی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لیگی کارکنان کو ایئر پورٹ سے دو کلو میٹر کے فاصلے پر روکا جائے گا۔

پولیس اور رینجرز کے جوان کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر راوی پل پر پہنچ گئے ہیں۔ پل پر گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنان کے بڑی تعداد میں آنے پر راستے مکمل بند کر دیئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال اور جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 سال قید اور جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کو پہلے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا جا چکا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں