نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کا طیارہ لاہور لینڈ کر گیا

نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کا طیارہ لاہور لینڈ کر گیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا طیارہ لاہور لینڈ کر گیا۔

واضح رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز ابو ظہبی کے طیارے میں وطن واپس آرہے تھے جو اب لاہور کی سرزمین پر لینڈ کر گیا ہے۔

سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کی گرفتاری کے لیے دو ہیلی کاپٹر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا دیئے گئے۔

ابوظہبی سے روانہ ہونے کے بعد دونوں کو شام سوا 6 بجے کے قریب پاکستان پہنچنا تھا تاہم پرواز ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی جس کے باعث نوازشریف اور مریم نواز 8 بجے کے بعد لاہور پہنچے۔

نوازشریف اور مریم نواز کے ساتھ مرتضیٰ جاوید عباسی اور حنا پرویز بٹ سمیت (ن) لیگ کے 40 رہنما سفر کررہے ہیں۔

پولی کلینک نے نوازشریف اور مریم نواز کے طبی معائنے کے لیے تین رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جس میں ڈاکٹر آصف عرفان، ڈاکٹر حامد اور ڈاکٹر اسما کیانی شامل ہیں۔ بورڈ کے ارکان کو 13 جولائی سے 16 جولائی تک ہروقت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ میڈیکل بورڈ ڈاکٹر امتیاز سے رابطے میں رہے گا۔

دوسری جانب روانگی سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جیل کی کوٹھڑی اپنے سامنے دیکھ کر بھی پاکستان آرہا ہوں، وہ بھی سن لیں جو دعویٰ کر رہے تھے کہ وطن واپس نہیں آؤں گا۔

احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال اور جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 سال قید اور جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کو پہلے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا جاچکا ہے۔