کیپٹن (ر) صفدر کو جیل میں بہترین کلاس نہ مل سکی، جیل کا لنگر کھانے پر مجبور

کیپٹن (ر) صفدر کو جیل میں بہترین کلاس نہ مل سکی، جیل کا لنگر کھانے پر مجبور
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

راولپنڈی: کیپٹن ( ر ) صفدر کو جیل میں بہتر کلاس نہیں مل سکی، انہیں قیدیوں کا لباس پہنایا گیا ہے اور جیل کے لنگر میں پکنے والا کھانا دونوں اوقات فراہم کیا جا رہا ہے، صرف صبح کا ناشتہ انہیں گھر سے بھجوایا جاتا ہے، انہیں میٹرس اور دو کمبل دیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جیل قواعد کے تحت کیپٹن صفدر نے جیل میں بہتر کلاس کے حصول کے لئے درخواست جیل انتظامیہ کو دے دی ہے جو قواعد کے مطابق ہوم سیکرٹری پنجاب کو بھیج دی گئی ہے، ہوم سیکرٹری پنجاب کی جانب سے منظوری کے بعد ہی انہیں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

کیپٹن ( ر ) صفدر کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں لنگر خانہ سے متصل سیکیورٹی وارڈ کے اس حصہ میں رکھا گیا ہے جہاں کچھ عرصہ قبل طیبہ تشدد کیس میں سزایافتہ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج راجہ خرم علی خان کو رکھا گیا تھا، اسی کمرے میں بیر سٹر فہد قتل کیس کا ملزم راجہ ارشد بھی کچھ عرصہ بند رہا ہے۔

سیکیورٹی وارڈ کا یہ حصہ ایک کمرے، اٹیچ باتھ اور کچن پر مشتمل ہے اور اس کے آگے مختصر لان بھی ہے جب کہ سکریسی برقرار رکھنے کے لئے جیل انتظامیہ نے لنگر خانہ کی جانب جانے والے راستے پر دیوار بنا دی ہے جب کہ ان کی نگرانی کے لئے جیل کے دو وارڈرز اور ایلیٹ فورس کے ایک جوان کو تعینات کیا گیا ہے۔ جیل کے جس حصہ میں انہیں قید کیا گیا اس جانب جیل کے کسی ملازم یا اسیر کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔