گرفتاری سے قبل نواز شریف نے نیب ٹیم سے کونسی خواہش کا اظہار کیا؟

گرفتاری سے قبل نواز شریف نے نیب ٹیم سے کونسی خواہش کا اظہار کیا؟
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

لاہور: نیب حکام نے طیارے میں داخل ہو کر جب نواز شریف کو گرفتار کیا تو سابق وزیراعظم نے حکام سے کہا کہ انہیں کارکنوں سے ملنے دیا جائے وہ ان سے ملاقات اور خطاب کرنا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کے طیارے نے لاہور ایئرپورٹ پر 8بج کر 47منٹس پر لینڈ کیا جس کے بعد نیب ٹیم اور رینجرز اہلکاروں نے طیارے میں داخل ہوکر تقریباً نو بجکر پندرہ منٹ پر انہیں گرفتار کیا، نواز شریف کو رینجرز اہلکاروں نے حراست میں لیا جب کہ مریم نواز کو خواتین اہلکاروں نے گرفتار کیا ، نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری امیگریشن کے بعد عمل میں لائی گئی۔

نیب کی 16رکنی ٹیم ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کی سربراہی میں انہیں گرفتار کرنے کیلئے پہلے سے ایئرپورٹ پر موجود تھی، امیگریشن کی نگرانی کیلئے ڈائریکٹر ایف آئی پنجاب ڈاکٹر عثمان بھی ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ ان کو گھیرے میں لے کر ان کا پاسپورٹ بھی لے لیاگیا ،ایئرپورٹ کے گردونواح میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور ایئرپورٹ کو رینجرز نے اپنے کنٹرول میں لے رکھا تھا۔