سنگل ٹیکس پورٹل خوش آئند ہے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس

 سنگل ٹیکس پورٹل خوش آئند ہے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس


اسلام آباد :اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے صوبوں کے تعاون سے ایک سنگل ٹیکس پورٹل کو خوش آئند قرار دیا ہے، پورٹل کے قیام سے ٹیکس دہندگان کو گڈز اور سروسز کے سیلز ٹیکس ریٹرن آن لائن سنگل ونڈو پر فائل کرنے کی سہولت فراہم ہو گی جس سے ان کی بہت سی مشکلات کم ہوں گی۔

چیمبر کے صدراحمد حسن مغل، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہاہے کہ اس وقت تاجر برادری کو گڈز کے سیلز ٹیکس ریٹرن وفاقی سطح پراور سروسز کے سیلز ٹیکس ریٹرن متعلقہ صوبوں میں فائل کرنا پڑتے ہیں جو ان کیلئے ایک مشکل کام ہے تاہم سنگل ٹیکس پورٹل کے قیام سے ٹیکس دہندگان کو وفاقی اور صوبائی سطح پر الگ الگ سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی بجائے ایک ہی پورٹل پر یہ ریٹرن فائل کرنے کا موقع فراہم ہو گا جو ان کیلئے آسان ہو گا۔احمد حسن مغل نے کہا کہ موجودہ سیلز ٹیکس نظام کے تحت تاجر برادری کو دوہرے ٹیکس کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ بعض صوبے جہاں سے سروس کا آغاز ہوتا ہے وہاں بھی اس پر سیلز ٹیکس وصول کرتے ہیں اور جس دوسرے صوبے میں صارفین کو سروس فراہم کی جاتی ہے وہاں بھی اس پر سیلز ٹیکس وصول کیا جاتا ہے.

لہذا انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دوہرے ٹیکس نظام کو ختم کرنے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید مطالبہ کیا کہ حکومت سیلز ٹیکس نظام کو سہل بنانے اور ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے کیلئے پورے ملک میں یکساں نیشنل سیلز ٹیکس نظام رائج کرنے کی کوشش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیلز ٹیکس نظام کے تحت کاروباری اداروںکو فیڈریشن اور صوبوں میں ایک سے زائد سیلز ٹیکس ادا کرنا پڑتے ہیں جس سے تاجر و صنعتکار برادری کو متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں نیشنل سیلز ٹیکس نظام رائج کرنے سے معیشت کیلئے متعدد فوائد پیدا ہوں گے کیونکہ اس سے کاروبار ی اداروں کی مشکلات کم ہوں گی اور پورے ملک میں گڈز اور سروسز کی ترسیل کا نظام مزید آسان اور بہتر ہو گا۔ انہوںنے مزید کہا کہ یکساں سیلز ٹیکس نظام کا اہم فائدہ یہ ہو گا کہ پاکستان ٹیکس کے لحاظ سے ایک کامن مارکیٹ بن جائے گی کیونکہ پورے ملک میں مصنوعات اور سروسز کیلئے سیلز ٹیکس کا ایک ہی ریٹ ہو گاجس سے کاروباری اداروں کو ٹیکس ادا کرنے میں کافی سہولت حاصل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں یکساں سیلز ٹیکس نظام سے مقامی کمپنیوں کو ایکسپورٹ مارکیٹ میں بھی یکساں مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سیلز ٹیکس نظام سے کاروباری اداروں پرٹیکسوں کا بوجھ کم ہو گا کیونکہ ان کو وفاق و صوبوں میں الگ الگ سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی بجائے ایک ہی گوشوارہ جمع کرانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بعض ممالک نے یکساں نیشنل سیلز ٹیکس نظام رائج کر کے معیشت کیلئے بہتر نتائج حاصل کئے ہیں لہذا پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ کاروبار و سرمایہ کاری کے بہتر فروغ اور ٹیکس ریونیو میں اضافہ کیلئے یکساں نیشنل سیلز ٹیکس نظام رائج کرنے کیلئے سنجیدہ کوشش کرے۔