مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، عمران خان

مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارتی غیر قانونی قبضے سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کیلئے ثابت قدمی سے کھڑا ہے ۔

یوم شہدائے کشمیر کی مناسبت سے اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج یوم شہدا کشمیر پر ہم کشمیریوں غیرقانونی اور وحشیانہ بھارتی قبضہ کے خلاف جدوجہد پر سلام پیش کرتے ہیں، 13جولائی 1931کے شہدا آج کے کشمیری مزاحمت کاروں کے آبائو اجداد تھے، ان کی اولاد نے نسل در نسل اپنی آزادی کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں، موجودہ کشمیری مزاحمت 13 جولائی 1931 کے شہدا کی جدوجہدکا تسلسل ہے،بھارتی غیرقانونی قبضے اوربربریت کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہو گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کشمیری عوام آبادیاتی انجینئرنگ کے ذریعے ہندوتوا بالادستی کے سامنے بہادری سے لڑ رہے ہیں،ہندوتوا بالادستی کا مقصد آبادی میں تناسب تبدیل کرکے کشمیریوں کا صفایا کرنا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہندوتوا بالادستی کا مقصدکشمیریوں کی شناخت مٹانا ہے، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے کھڑا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی غیر قانونی قبضے سے آزادی تک پاکستان اس جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی قبضے سے آزادی کا دن دور نہیں ہے۔