بلاول وزیراعظم پر الزامات لگا کر اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں، مراد سعید

بلاول وزیراعظم پر الزامات لگا کر اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں، مراد سعید
کیپشن: پاکستان کی فارن پالیسی بہتر ہونے سے بلاول کو دکھ پہنچا، مراد سعید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بوکھلاہٹ کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم پر الزامات لگا کر اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج فرزند زرداری کرپشن پر بات کر رہا تھا۔ ان کا سارا خاندان کمیشن اور بھتہ خوری سے پہچانا جاتا ہے۔ ایک پرچی پر لیڈر بننے والے بلاول بھٹو نہ تو پارٹی کے ورکر رہے اور نہ ہی ان کی کوئی جدوجہد ہے۔ جب اسمبلی میں مجھے مائیک ملتا ہے تو وہ نو دو گیارہ ہو جاتے ہیں۔ اسمبلی کے دروازے بند کر دینے چاہیں تاکہ ان کو فرار کا موقع نہ ملے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ امپائر بھی بلاول بھٹو کی مرضی کے ہونگے، وہ بتائیں کونسے فورم پر ڈبیٹ کرنی ہے۔ پرچی پر رٹہ لگانے والے اور سیاسی ورکر کا قوم کو پتا چل جائے گا۔ میں ان کے چیلنج کو قبول کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ 54 سال بعد سیکیورٹی کونسل میں دو دفعہ کشمیر مسئلے پر بحث ہوئی۔ پاکستان کی فارن پالیسی بہتر ہونے سے بلاول کو دکھ پہنچا۔ آپ چھپ نہیں سکتے، ہم نے آپ کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔