وزیراعظم عمران خان کشمیر کے جرات مند سفیر ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

Prime Minister, Imran Khan, ambassador, Kashmir, Chief Minister, Punjab, Usman Buzdar

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے جرات مند سفیر ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے ۔

اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن والے انتخابی مہم کے دوران بھی کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں ، مسئلہ کشمیر پر سیاست چمکانے والے قومی مفادات کو یکسر نظر انداز کئے ہوئے ہیں ۔ اپوزیشن کی جانب سے کشمیر پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا سنگ دلی اور بے حسی ہے ۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم شہدائے کشمیر پر شہدائے کشمیر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی 1931 کو 21 کشمیریوں کو گولیاں برسا کر بے رحمی سے شہید کیا گیا اور درجنوں کو زخمی کیا گیا ۔ سری نگر سینٹرل جیل کے صحن میں یہ قتل عام ہوا ، ان کشمیریوں کا جرم آزادی اور اسلام سے محبت تھی ۔

شہباز شریف نے کہا کہ عبدالقدیر کی قرآن کے احترام اور عزت ، آزادی کے حق کے لئے اور جبر کی غلامی کے خلاف تقریر جرم قرار پائی ۔ اہل کشمیر کی حریت آزادی کا یہ سلسلہ اور قربانیاں آج بھی اسی جذبے سے جاری ہیں ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ اہل کشمیر نسل درنسل اپنے حقوق اور آزادی کے لئے بے مثال صبر و استقلال اور بہادری سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ہم شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، یہ اہل کشمیر کی بہادری کی ناقابل فراموش داستان کا انمٹ باب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام شہدائے کشمیر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سرفروشی اور حق گوئی کی روایت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ان شاءاللہ ، انگریز سامراج کی طرح بھارت کے غاصبانہ قبضے کو بھی ذلت آمیز شکست ہوگی اور آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا ، اللہ تعالی شہدائے کشمیر کے درجات بلند کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے ۔